بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور نے نویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا، جس کے مطابق امتحان میں کامیابی کا مجموعی تناسب 46.51 فیصد رہا، جبکہ 50 فیصد سے زائد امیدوار کامیاب نہ ہوسکے۔
چیئرمین لاہور بورڈ پروفیسر بدرالسلام اور کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمان نے نویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا۔
2 لاکھ 80 ہزار سے زائد امیدواروں نے امتحان دیا
لاہور بورڈ کے مطابق نویں جماعت کے سالانہ امتحان میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 80 ہزار 676 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے ایک لاکھ 30 ہزار 543 امیدوار کامیاب قرار پائے۔
نتائج کے مطابق نویں جماعت کے امتحان میں کامیابی کا تناسب 46 اعشاریہ 51 فیصد رہا۔
دوسری جانب ایک لاکھ 50 ہزار 133 امیدوار امتحان میں فیل ہوئے، جس کے باعث فیل ہونے والے امیدواروں کی شرح 50 فیصد سے تجاوز کرگئی۔
لاہور بورڈ کی جانب سے جاری نتائج کے مطابق کامیاب امیدواروں کی تعداد کے مقابلے میں ناکام امیدواروں کی تعداد زیادہ رہی، جس نے نویں جماعت کے امتحانات کے مجموعی نتائج کو نمایاں طور پر متاثر کیا۔

