لاہور کے 187 سرکاری ہائی سکولز داخلوں کا مقررہ ہدف پورا کرنے میں ناکام ہوگئے، جس پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے متعلقہ سکول سربراہان سے جواب طلب کرلیا۔
انرولمنٹ مہم بھی سکول سربراہان کو مطلوبہ داخلوں کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ ایجوکیشن اتھارٹی نے 187 ہائی سکولوں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ یکم ستمبر سہ پہر 3 بجے تک داخلوں کے مقررہ اہداف پورے کیے جائیں۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق گورنمنٹ ہائی سکول وسن پورہ میں 232 طالبات داخلہ ہدف سے کم ہیں، جبکہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول غازی آباد میں 206 طالبات کا فرق ہے۔
گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی سکول وحدت کالونی میں 201 طالبات، گورنمنٹ ہائی سکول مومن پورہ راوی روڈ میں 162 طلباء، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول محدیہ داتا نگر میں 160 طالبات اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ساندہ کلاں میں 155 طالبات داخلہ ہدف سے کم ہیں۔
اسی طرح گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ٹاؤن شپ میں 151 طالبات، گورنمنٹ اے پی ایس گرلز ماڈل ٹاؤن میں 149 طالبات، گورنمنٹ سکول گلشن راوی میں 141 طالبات جبکہ گورنمنٹ سکول قلعہ لکشمن سنگھ میں 122 طالبات داخلہ ہدف سے کم ہیں۔
سکول سربراہان کا مؤقف ہے کہ بوگس طلباء کے داخلے درج کرنے کی صورت میں نادرا کی جانب سے ریکارڈ ریجیکٹ کر دیا جاتا ہے، اس لیے صرف نمبرز پورے کرنے کے لیے جعلی یا بوگس داخلے نہیں کیے جا سکتے۔
ایجوکیشن اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت میں داخلوں کے اہداف پورے نہ کرنے والے سکول سربراہان کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

