وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ڈیرہ غازی خان کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال، امن و امان اور عوامی مسائل سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کرنے والوں میں احمد خان لغاری، علی احمد لغاری، اسامہ عبدالکریم، حنیف پتافی، اسامہ لغاری اور صلاح الدین خان شامل تھے۔
اس موقع پر ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو کامیاب دورہ چین پر مبارکباد پیش کی اور ڈیرہ غازی خان میں الیکٹرو بس سروس شروع کرانے پر خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ارکان اسمبلی کو اپنے اپنے حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی منصوبوں کے معیار اور بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ دورہ چین کا مقصد پنجاب کو مصنوعی ذہانت (AI) کی دنیا کا ہب بنانا ہے۔ پنجاب میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور عوام کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ چینی طرز پر کینسر اور دیگر امراض کی تشخیص کے لیے جدید طریقہ علاج بھی جلد متعارف کرایا جا رہا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان میں الیکٹرو بسوں کے ذریعے عوام کو سفر کرتے دیکھ کر انہیں بہت خوشی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی طرز پر پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق مختلف علاقوں میں سڑکوں، ڈرینج، واٹر سپلائی اور بیوٹی فکیشن کے منصوبوں پر کام جاری ہے، جن کا مقصد شہریوں کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کرنا اور علاقوں کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔

