پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ سے تیسرے ٹیسٹ کے لیے مائیک ہیسن کو ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔
انگلینڈ سے لارڈز ٹیسٹ میں بدترین شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایکشن لیتے ہوئے محمد رضوان، امام الحق اور سلمان علی آغا کو فوری وطن بلانے کا فیصلہ کیا ہے اور مائیک ہیسن کو ایجبسٹن ٹیسٹ کے لیے ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق دورہ انگلینڈ میں پاکستان ٹیم کی بدترین کارکردگی کا نزلہ کھلاڑیوں کے بعد ٹیم منیجمنٹ پر بھی گرنے والا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو ہٹائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ سرفراز احمد کی جگہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری بھی مائیک ہیسن سنبھالیں گے، جو اس سے قبل ٹی 20 اور ون ڈے ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں۔
عمر گل کی جگہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے نئے بولنگ کوچ ایشلے نوفکے ہوں گے۔
چیمپئنز ٹرافی کے فاتح کپتان سرفراز احمد کی کوچنگ میں پاکستان ٹیم نے 6 ٹیسٹ میچ کھیلے۔ ان میں صرف ایک میں جیت ملی جب کہ پانچ میچوں میں پاکستان کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، جس میں بنگلہ دیش اوے سیریز میں وائٹ واش کی ہزیمت بھی شامل ہے۔

