سجاول (31 اگست 2026): انسداد پولیو کے قطرے پلانے سے انکاری شخص نے پولیو ورکر پر کلہاڑی سے حملہ کر دیا پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
یہ افسوسناک واقعہ سجاول کے گاؤں عجائب سومرو میں پیش آیا جہاں ٹیم انسداد پولیو کے بوسٹر ڈوز مہم کے سلسلے میں پہنچی تھی۔
پولیس کے مطابق گاؤں والے اپنے بچوں کو پولیو کی بوسٹر ڈوز لگوانے سے انکار کر رہے تھے۔ پولیو ٹیم کے اصرار پر ملزم جادم سومرو نے مشتعل ہو کر پولیو ورکر واحد سومرو پر کلہاڑی سے وار کر دیا۔
واحد سومرو کلہاڑی کے وار لگنے سے زخمی ہو گیا، جس کو قریبی اسپتال پہنچایا گیا۔
دوسری جانب زخمی واحد سومرو کی مدعیت میں پولیس نے جادم سومرو کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کو گرفتار کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ پولیو ٹیموں پر حملے کا یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ ملک بھر میں اب تک ایسے متعدد واقعات رونما ہو چکے ہیں، جن میں درجنوں مرد وخواتین پولیو ورکرز اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

