کیف(29 اگست 2026): یوکرین کے صدر نے ملک کی مسلح افواج کو روس پر روزانہ کی بنیاد پر ایک ہزار ڈرون حملے کرنے کا باضابطہ حکم دے دیا ہے۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا کہ ملک کو موجودہ جنگی صورتحال میں مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے، اور ان کا ہدف بالکل واضح ہے جسے ہر صورت حاصل کیا جائے گا۔
بیان کے مطابق اس حکمت عملی کا بنیادی مقصد روسی حملوں کے خلاف اپنے دفاعی نظام کو مضبوط بنانا، ایرانی ساختہ اور جیٹ پاورڈ شاہد ڈرونز کا مؤثر توڑ کرنا اور روس کے اندر دور مار کرنے والے حملوں کی شدت و تعداد میں اضافہ کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یوکرین اس وقت اوسطاً روزانہ 300 سے زائد طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرون حملے کر رہا ہے، جسے بڑھا کر ایک ہزار یومیہ تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
یوکرین کو برطانوی میزائلوں کی فراہمی پر روس کی سخت وارننگ، فوجی اہداف نشانہ بنانے کی دھمکی
دوسری جانب یوکرینی صدر نے ٹیلی گرام پر ایک پوسٹ میں امریکی انٹیلی جنس سربراہ کے ماسکو کے دورے اور روسی حکام سے ملاقاتوں سے متعلق رپورٹس پر بھی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ کیف کو امریکی حکام کی جانب سے ماسکو میں حالیہ دنوں ہونے والی ملاقاتوں سے متعلق معلومات موصول ہوئی ہیں، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
روسی صدارتی محل کریملن نے بھی تصدیق کی ہے کہ امریکی انٹیلی جنس سربراہ نے ماسکو میں روسی انٹیلی جنس حکام سے ملاقات کی، تاہم روسی حکام کے مطابق روسی صدر سے کسی بھی قسم کی ملاقات نہیں ہوئی۔
