مظفرآباد: آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کا انتخاب آج ہوگا، مسلم لیگ ن نے بیرسٹر افتخار گیلانی اور پیپلزپارٹی نے سردار مختار احمد خان عباسی کو امیدوار نامزد کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کا انتخاب آج ہوگا، جس کے لیے آزاد کشمیر اسمبلی سیکریٹریٹ نے انتخابی شیڈول جاری کردیا ہے۔
شیڈول کے تحت وزیراعظم کے امیدوار صبح ساڑھے 9 بجے سے ساڑھے 10 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے، جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست دوپہر 12 بجے آویزاں کی جائے گی۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس دوپہر 2 بجے ہوگا، جس میں نئے وزیراعظم کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا، وزیراعظم منتخب ہونے کے لیے امیدوار کو 27 ووٹ حاصل کرنا ہوں گے۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم کے لیے نامزد کیا گیا ہے، جبکہ پیپلزپارٹی نے سردار مختار احمد خان عباسی کو امیدوار نامزد کیا ہے۔
سردار مختار احمد خان عباسی عام انتخابات میں بیرسٹر افتخار گیلانی کو شکست دے چکے ہیں، جبکہ بیرسٹر افتخار گیلانی کو بعد ازاں ٹیکنوکریٹ کی نشست پر رکن اسمبلی بنایا گیا۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں نئے وزیراعظم کے انتخاب کے معاملے پر اختلافات بھی سامنے آگئے ہیں، راجہ فاروق حیدر اور شاہ غلام قادر نے آج کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت دونوں رہنماؤں کو منانے کے لیے سرگرم ہے اور وزیراعظم کے انتخاب سے قبل پارٹی کے اندر اختلافات ختم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

