سویٹزرلینڈ میں قائم ماحولیات کے تحفظ سے متعلق عالمی تنظیم نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ماحولیاتی بہتری اور ٹیکنالوجی پر مبنی طرز حکمرانی کے فروغ کے اقدامات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ہانگ کانگ میں این ایس ٹی ایوارڈ گالا اینڈ سمٹ 2026 میں شرکت اور خطاب کی دعوت دی ہے۔
فاؤنڈیشن کے چیئرمین پیٹر نوبل نے وزیراعلیٰ پنجاب کو 30 ستمبر کو ہانگ کانگ میں ہونے والے عالمی لیڈرشپ سمٹ اور این ایس ٹی ایوارڈ گالا میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی ہے ہانگ کانگ سمٹ میں عالمی رہنماؤں کے علاوہ سائنسدان اور پائیدار ترقی کے پالیسی ساز بھی شرکت کریں گے۔
نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ کے مطابق پنجاب میں حقیقی وقت کی نگرانی، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور اعداد و شمار پر مبنی نظام کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے۔ این ایس ٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں صوبے نے آلودگی کے ذرائع کا سراغ لگانے، ماحولیاتی خطرات کا جائزہ لینے اور مختلف محکموں کے درمیان اسموگ کے خلاف رابطہ کاری کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر مبنی نظام قائم کیا۔
رپورٹ کے مطابق جدید آلات کی فراہمی اور ان کے استعمال سے پنجاب میں فضائی معیار کے انتظام کو زیادہ شفاف اور نتیجہ خیز بنایا گیا ہے این ایس ٹی کے مطابق پنجاب نے جنگلات کی غیر قانونی کٹائی اور شکار کی روک تھام کے لیے ریموٹ مانیٹرنگ ٹیکنالوجی کا استعمال بھی شروع کیا ہےجبکہ جنگلی حیات کے تحفظ، افزائش اور نسل کے تحفظ کے لیے سیٹلائٹ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا گیا ہے۔
فاؤنڈیشن کے چیئرمین پیٹر نوبل نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ گالا اور سمٹ میں مدعو کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب میں ٹیکنالوجی پر مبنی طرز حکمرانی کی جانب پیش رفت ایک قابل تقلید مثال کہی جاسکتی ہے۔
سویٹزرلینڈ میں قائم نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ 2007 میں نوبل خاندان کے افراد نے قائم کیا تھا۔ پیٹر نوبل کی سربراہی میں یہ فاؤنڈیشن ماحولیاتی بہتری، فضائی آلودگی میں کمی اور انسانی معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔
یہ ٹرسٹ نوبل خاندان کے افراد کی جانب سے قائم کردہ ایک الگ فلاحی ادارہ ہے۔

