کراچی: حبس بےجا میں 3 افراد کو رکھنے پر ایکسائز اہلکاروں کیخلاف مقدمے کا حکم دے دیا گیا۔ ایکسائز پولیس اسٹیشن پر مجسٹریٹ کے چھاپے میں 2خواتین سمیت 3 افراد بازیاب ہوئے تھے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جنوبی کی عدالت نے 3 ایکسائز اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ چھاپے میں مزاحمت اور مداخلت پر ایکسائز افسران کیخلاف مقدمہ درج کرنےکاحکم دیا گیا ہے۔
مجسٹریٹ نے حبس بےجا میں رکھے تینوں افراد کو ذاتی مچلکوں پر رہا کر دیا تھا۔
عدالت نے 3 افسران کو متاثرین کے لیے 90 ہزار روپے معاوضہ بھی ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ تینوں افراد کو بغیر کسی انٹری کے غیرقانونی حراست میں رکھا گیا تھا، حبس بےجا میں رکھےافراد نے رہائی کے عوض رشوت طلب کیے جانے کا الزام بھی لگایا ہے۔
عدالت نے کہا کہ کارروائی میں ایکسائز اہلکاروں نے مزاحمت کی اور نامناسب زبان استعمال کی، ایکسائز اہلکاروں کا رویہ عدالتی کارروائی میں مداخلت کے زمرے میں آتا ہے ایکسائز اہلکاروں اور نجی افراد نے غیرقانونی گرفتار افراد کو منتقل کرنےکی کوشش کی، ایکسائز اہلکاروں کی مزاحمت کی وجہ سےمجسٹریٹ کو پولیس طلب کرنا پڑی، متعلقہ ایس ایچ او غیرقانونی حراست اور عدالتی کام میں رکاوٹ کامقدمہ درج کرے، متعلقہ ایس ایچ اوبدسلوکی پرذمہ داروں کےخلاف مقدمہ درج کرے۔
انچارج ممتاز میرانی، انسپکٹر غلام مصطفیٰ اور ارشدرحیم کو30، 30ہزار معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے عدالت نے ایس ایس پی جنوبی کو متعلقہ ایکسائز افسران کی تنخواہیں روکنے کی ہدایت کی ہے۔

