کراچی : سلام کراچی فیسٹیول کا آغاز کر دیا گیا ، 25 اگست سے 7 ستمبر تک ثقافتی، تفریحی، کھیلوں اور موسیقی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ’’سلام کراچی فیسٹیول‘‘ کا افتتاح کردیا، فیسٹیول کے تحت 25 اگست سے 7 ستمبر تک شہر کے مختلف مقامات پر ثقافتی، تفریحی، کھیلوں اور موسیقی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
فیسٹیول کے شیڈول کے تحت 25 اگست کو فریئر ہال میں گرینڈ بازار، ثقافتی ڈانس شو اور خواتین کے اسٹالز لگائے جائیں گے، جبکہ 26 اگست کو ایئرپورٹ سے میٹروپول تک بائیک ریلی کا انعقاد ہوگا۔
27 اگست کو سفاری پارک میں فیملی فیسٹیول، ٹیلنٹ ہنٹ اور میوزیکل نائٹ ہوگی، جس میں داخلہ مفت ہوگا۔ 28 اگست کو سی ویو سے دو دریاؤں تک سائیکل ریلی اور مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔
29 اگست کو برنس روڈ پر ’’سلام کراچی فوڈ فیسٹیول‘‘ سجایا جائے گا، جبکہ 30 اگست کو تین تلوار پر روڈ شو اور میوزیکل پرفارمنس ہوگی۔ 31 اگست کو سی ویو پر میراتھن کا انعقاد کیا جائے گا۔
فیسٹیول کے دوران یکم ستمبر کو این ای ڈی یونیورسٹی میں سیمینار اور ایوارڈز کی تقریب، 2 ستمبر کو پورٹ گرینڈ میں فیملی فیسٹیول جبکہ 3 ستمبر کو سرسید یونیورسٹی میں سیمینار اور ایوارڈز کی تقریب منعقد ہوگی۔
4 ستمبر کو سفاری پارک میں فیملی میوزیکل اینڈ کڈز فیسٹیول ہوگا، جبکہ 5 ستمبر کو شارع فیصل پر روڈ شو اور میوزیکل پرفارمنس کا انعقاد کیا جائے گا۔
6 ستمبر کو یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے سی ویو پر کار ریلی نکالی جائے گی، جبکہ 7 ستمبر کو سلام کراچی فیسٹیول کی اختتامی تقریب منعقد ہوگی۔
اختتامی تقریب میں کے ایم سی اور ٹی ایم سی کے اسٹاف کے لیے ایوارڈ شو اور میوزیکل پروگرام بھی پیش کیا جائے گا۔

