لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے محفوظ پنجاب، محفوظ روڈز کے وژن کے تحت ننھے بچوں کے تحفظ کے لیے سکول ٹرانسپورٹ کے حوالے سے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بچوں کے تحفظ کے پیش نظر اسکول وینز، ویگنوں، رکشوں اور بسوں میں اوورلوڈنگ اور ایل پی جی سلنڈرز کے استعمال کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا گیا۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکول وینز، ویگنوں یا رکشوں میں ایل پی جی سلنڈر استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ اوورلوڈنگ پر بھی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ رکشہ ڈرائیور آگے والی سیٹ پر کسی بچے کو نہیں بٹھا سکے گا۔ اسی طرح رکشوں کی سائیڈز پر بیگ یا دیگر اشیا لٹکانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
سی ٹی او کے مطابق کینال روڈ پر چلنے والے رکشوں میں بھی آگے والی سیٹ پر کسی کو بٹھانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
انہوں نے پک اپ ڈرائیورز کو بھی ہدایت کی کہ فرنٹ سیٹ پر ایک سے زائد سواری بٹھانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
سی ٹی او لاہور نے ڈی ایس پیز اور ایجوکیشن یونٹ کو اسکول انتظامیہ اور والدین کو ان ہدایات سے آگاہ کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔
ٹریفک حکام کا کہنا تھا کہ کارروائی کا مقصد اسکول جانے والے بچوں کی حفاظت یقینی بنانا اور ٹرانسپورٹ میں خطرناک اوورلوڈنگ کا خاتمہ ہے۔

