وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ ہوگا، اب 20 نہیں 40 لاکھ لوگ لے کر جائیں گے۔
ہنگو میں ابوبکر صدیق چوک پر اسٹریٹ موومنٹ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان سے متعلق عدالتی فیصلے کو حکومت نے ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا، ایک مرتبہ پھر کچھ لوگوں نے ثابت کیا کہ وہ آئین و قانون سے بالاتر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف کوئی ادارہ حکم دیتا ہے تو ایک گھنٹے میں عملدرآمد ہوجاتا ہے، عمران خان کے لیے عدالتوں نے حکم دیا مگر خود کو بالاتر سمجھنے والوں نے عمل نہیں کیا ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ طاقتوروں کو سزائیں نہیں دی جاسکتیں تو کمزور قیدیوں کو بھی آزاد کردیا جائے، یہ نہیں ہوسکتا کہ ایک ملک میں کمزور کے لیے الگ اور طاقتور کے لیے الگ قانون ہو۔
وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد کا مقصد کمزور اور طاقتور کے لیے ایک قانون ہے، سوچنا ہوگا ملک کو کس طرف لے جارہے ہیں، کسان اور صنعتکار پریشان ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی خواتین پر ظلم کیا جارہا ہے، عمران خان کی بہنوں کی بے توقیری کی گئی، نوجوانوں نے ملک کا فیصلہ کرنا ہے انہیں اپنے مستقبل کے لیے کھڑا ہونا ہوگا۔

