پنجاب حکومت نے لاہور کے ایک اور مصروف ترین علاقے میں پارکنگ کے دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے زیرِ زمین پارکنگ پلازہ تعمیر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق داتا دربار اور بھاٹی گیٹ کے درمیان 22 کنال اراضی پر منصوبے کی تعمیر کی سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کردی گئی۔
ایل ڈی اے ٹیپا نے مجوزہ پارکنگ پلازے کی تعمیر پر 8 ارب 22 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد لاگت کا تخمینہ لگایا ہے۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے منصوبے کو رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے اور فنڈز کی فراہمی کی اجازت بھی طلب کرلی ہے۔
منصوبے کے تحت تین منزلہ زیرِ زمین پارکنگ پلازہ تعمیر کیا جائے گا، جس میں جدید آئی ٹی ایس سسٹم، آٹومیشن پارکنگ اور الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ اسٹیشنز بھی قائم کیے جائیں گے۔
پارکنگ پلازے میں 600 گاڑیوں اور 1700 موٹرسائیکلز کی پارکنگ کی گنجائش ہوگی۔ منصوبے کی تکمیل سے داتا دربار آنے والے سیکڑوں زائرین، شہریوں اور کاروباری افراد کو پارکنگ کی سہولت میسر آئے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے بھاٹی انڈر پاس اور داتا دربار اپ گریڈیشن منصوبے کے بعد اب نئے زیرِ زمین پارکنگ پلازے کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ منصوبے کی تعمیر کا ٹاسک پنجاب حکومت کے ایل ڈی اے انجینئرنگ ونگ کے بجائے ٹیپا کو دینے کی تجویز ہے۔

