اسلام آباد: حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے خلاف دوبارہ نظرثانی درخواست دائر کردی، جس میں کہا گیا عدالتی فیصلے میں سقم ہے۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف دوبارہ نظرثانی درخواست دائر کردی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے متفرق نظرثانی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی گئی، جس میں رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کے بعد درخواست دوبارہ جمع کرائی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے سے متعلق عدالت کے 18 اگست کے فیصلے میں قانونی سقم موجود ہیں اور فیصلے میں جیل رولز کو نظرانداز کیا گیا۔
درخواست میں کہنا ہے کہ چیف کمشنر اسلام آباد کو مرکزی کیس میں فریق نہیں بنایا گیا، جس کے باعث انہیں اپنا مؤقف پیش کرنے کا مناسب موقع نہیں ملا۔
ذرائع نے کہا متفرق درخواست میں سپریم کورٹ سے اسے منظور کرنے اور 18 اگست کے فیصلے پر نظرثانی کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ معاملے کے قانونی اور انتظامی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے عدالت اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کرے۔

