پنجاب میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کامشن، صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کینیڈا پہنچ گئے۔ ٹورنٹو میں صوبائی وزیر کا پرتپاک استقبال
پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں،کینیڈین سرمایہ کاریہاں سرمایہ کاری کریں،ہرممکن سہولیات دیں گے،چوہدری شافع حسین
اوورسیز پاکستانیز وطن عزیز کے حقیقی سفیر ہیں،ملک کی ترقی اور معشیت کی مضبوطی میں ان کا کلیدی کردار ہے، کینیڈا میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کے مابین معاشی تعاون کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں،صوبائی وزیر صنعت و تجارت
لاہور،20اگست: صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین پنجاب میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور کینیڈین سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کرنے کے لیے کینیڈا پہنچ گئے۔
ٹورنٹو پہنچنے پر صوبائی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔مسلم لیگ کینیڈا کے زیر اہتمام صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کے اعزاز میں ٹورنٹو میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مسلم لیگ ٹورنٹو کے صدر غوٹ ڈار، چوہدری عامر مبارک،حسن افتخار،راشد وڑائچ،عنر بٹ،مسلم لیگ ہیملٹن کے صدر چوہدری ظفر، پارٹی کے دیگر عہدیداران و رہنماؤں، سی ای او گلوبل ٹریڈ رانا تنویر اور اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم، قونصل جنرل ٹورنٹو خلیل احمد باجوہ اور دیگر سفارت کار بھی تقریب میں موجود تھے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے ٹورنٹو میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن عزیز کے حقیقی سفیر اور قیمتی اثاثہ ہیں۔ پاکستان کی ترقی اور معیشت کے استحکام میں اوورسیز پاکستانیوں کا کلیدی کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول موجود ہے۔ صوبے کے سپیشل اکنامک زونز میں عالمی معیار کا صنعتی انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی مراعات دستیاب ہیں۔ سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری پر 10 سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری درآمد کرنے کی سہولت موجود ہے۔
چوہدری شافع حسین نے کینیڈین سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کررہی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ اوورسیز پاکستانیز دونوں ممالک کے درمیان معاشی روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ کینیڈا میں مقیم پاکستانی دوطرفہ معاشی تعاون کے فروغ کے لیے اپنی مفید تجاویز دیں، ان تجاویز پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ملک کی ترقی، استحکام اور عوام کی خوشحالی کے ایجنڈے پر یقین رکھتی ہے۔ پارٹی کارکنان قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی تجاویز کو اہمیت دی جا رہی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ کینیڈا کی تنظیم کو مزید مضبوط اور مستحکم کیا جائے گا۔چوہدری شافع حسین نے اپنے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر کینیڈا کی پارٹی تنظیم اور اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا۔
دورہ کینیڈا کے دوران صوبائی وزیر صنعت و تجارت ورلڈ ٹریڈ ڈویلپرز کے زیر اہتمام لائف اسٹائل ایکسپو میں شرکت کریں گے۔ صوبائی وزیر نے ایکسپو کے منتظمین سے ملاقات کرکے بین الاقوامی نمائش کے انعقاد سے متعلق امور کا جائزہ بھی لیا۔چوہدری شافع حسین ٹورنٹو میں کینیڈا کے تجارت و کامرس اور زراعت کے وزراء سے ملاقاتیں کریں گے۔ وہ کینولا ایسوسی ایشن کے صدر، کینیڈین سرمایہ کاروں اور سرکاری حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
دورہ کینیڈا کا مقصد پنجاب میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ، کینیڈین سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کرنے اور پاکستان و کینیڈا کے درمیان تجارتی و معاشی روابط کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

