اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیر اعلیٰ کے پی سہیل آفریدی سمیت پی ٹی آئی کے 24 ارکان اسمبلی کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
نیوز کے مطابق اے ٹی سی جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے پاسپورٹ بلاک کرنے کا فیصلہ جاری کیا ہے، پولیس نے تھانہ کوہسار کے مقدمے میں پاسپورٹ بلاک کرنے کی استدعا کی تھی۔
عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا پاسپورٹ بلاک کرنےکا حکم دیا ہے۔
اے ٹی سی نے اسدقیصر، شہرام ترکئی، جنیداکبر، شاہد خٹک، عمر ایوب، بابر سلیم، یروزیر،شاہ احد، شیر علی ارباب، اقبال آفریدی، ڈاکٹر امجد کا پاسپورٹ بھی بلاک کرنے کا حکم دیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما ارشدعمر زئی، زر عالم، میاں عمر، اختر خان، ہمایوں خان، ریاض خان، عبدالکبیر خان، طفیل انجم، آصف محسود، عجب گل، محمد عثمان، عرفان سلیم، ایڈووکیٹ علی زمان اور ملک شہاب کا نام بھی فہرست میں شامل ہے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ دستیاب ریکارڈ کے مطابق ملزمان اس مقدمے میں نامزد ہیں۔
تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان قانونی عمل سے بچنے کے لیے ملک سے فرار ہوسکتے ہیں۔
عدالت نے کہا کہ تفتیشی افسر کی ملزمان کے پاسپورٹ بلاک کرنے کی درخواست منظور کی جاتی ہے، ایف آئی اے اگلے احکامات تک ملزمان کے پاسپورٹ بلاک کردے۔

