اسلام آباد : بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھا کا کہنا ہے کہ حکومت کے پاس سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے کل دوپہر 2 بجے تک کا وقت ہے، بصورت دیگر توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قانونی ٹیم کے رکن نعیم حیدر پنجوتھا نے نیوز کے پروگرام م یں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناصر بٹ کے بیانات سے صاف اندازہ ہوتا ہے کہ وہ کس قدر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو صرف میڈیکل بنیادوں پر اسپتال منتقل کرنے کے معاملے پر ہی ان کا جو حال ہے وہ سب کے سامنے ہے۔
نعیم حیدر پنجوتھا نے واضح کیا کہ اگر عدالت بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بنی گالہ شفٹ کرنے کا حکم دیتی ہے تو ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
انھوں نے بتایا ہماری اطلاع کے مطابق ابھی تک نظرثانی اپیل کو نمبر الاٹ نہیں ہوا، جبکہ وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ کے بیان سے واضح نظر آتا ہے کہ وہ عدالت اور انتظامیہ پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے حکومت کے پاس کل دوپہر 2 بجے تک کا وقت ہے، اگر حکومت نے فیصلے پر عمل نہ کیا تو ہم توہینِ عدالت کی درخواست دائر کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں کوئی ڈیل یا ڈھیل نہیں چاہیے، ہم صرف اور صرف انصاف کے تقاضے پورے کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

