اسلام آباد : وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے تاجروں کے لئے آسان ٹیکس اسکیم میں رجسٹریشن کراانے کا طریقہ بتاتے ہوئے کہا دکاندار گوگل پلے اسٹور سے ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے رجسٹریشن کروا سکیں گے اور اسی ایپ کے ذریعے ٹیکس کی ادائیگی بھی کی جاسکے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے چھوٹے دکانداروں اور تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کے لیے آسان ٹیکس اسکیم کا اجرا کردیا، جبکہ اسکیم میں رجسٹریشن اور ٹیکس ادائیگی کے لیے خصوصی موبائل ایپ بھی متعارف کرادی گئی۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے دیگر حکام اور تاجر رہنماؤں کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں اسکیم کے خدوخال سے آگاہ کیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے چھوٹے دکانداروں کی سہولت کے لیے ٹیکس نظام کو آسان اور سادہ بنانے کی کوشش کی ہے، تاجروں سے آسان ٹیکس اسکیم پر مسلسل مشاورت کی گئی، جبکہ ایف بی آر اور دیگر متعلقہ اداروں سے بھی تجاویز لی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی طبقہ قومی دھارے میں شامل نہیں ہوگا تو ٹیکس نظام مؤثر انداز میں نہیں چل سکتا، حکومت کا مقصد ہر طبقے کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہے، اس لیے تاجروں سے اپیل ہے کہ وہ ریگولر اسکیم میں شامل ہوں یا آسان ٹیکس اسکیم سے فائدہ اٹھائیں۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے بتایا کہ یہ اسکیم تاجر برادری کی مشاورت سے تیار کی گئی ہے اور اس کے تحت سالانہ 20 کروڑ روپے تک فروخت کرنے والے دکاندار شامل ہوسکتے ہیں۔ اسکیم ان تاجروں کے لیے بھی دستیاب ہوگی جو ابھی تک ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دکاندار گوگل پلے اسٹور سے ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے رجسٹریشن کروا سکیں گے اور اسی ایپ کے ذریعے ٹیکس کی ادائیگی بھی کی جاسکے گی۔
بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ اسکیم میں رجسٹرڈ ہر دکاندار کو دکان کے باہر لگانے کے لیے ایک پلیٹ فراہم کی جائے گی، پلیٹ اس بات کی علامت ہوگی کہ متعلقہ دکاندار اسکیم میں رجسٹرڈ ہے اور ایف بی آر کا عملہ بلاجواز اسے تنگ نہیں کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اسکیم کے تحت ٹیکس کی رقم ڈکلیئرڈ سیلز کا ایک فیصد ہوگی، جبکہ اسکیم میں شامل ہونے والے دکانداروں کو پوائنٹ آف سیل (POS) مشین لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
وزیر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ ایپ ستمبر کے پہلے ہفتے میں مختلف زبانوں میں بھی دستیاب ہوگی، جبکہ مختلف اضلاع میں آر ٹی او سینٹرز بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ تاجروں کو رجسٹریشن میں سہولت فراہم کی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ جو دکاندار ڈیڈ لائن سے قبل ایپ کے ذریعے اسکیم میں شامل ہوں گے، انہیں رجسٹریشن پلیٹ مفت فراہم کی جائے گی، جبکہ بعد میں شامل ہونے والوں کو پلیٹ کی قیمت ادا کرنا ہوگی۔
پریس کانفرنس میں چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ چھوٹے تاجر طویل اور پیچیدہ فارم کی وجہ سے ٹیکس نظام میں شامل ہونے سے گریز کرتے تھے، تاہم نئی اسکیم کے ذریعے اس عمل کو مزید آسان کردیا گیا ہے اور اب چھوٹے تاجر موبائل ایپ کے ذریعے ٹیکس نظام میں شامل ہوسکیں گے۔
تاجر رہنما اجمل بلوچ اور کاشف چوہدری نے اسکیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے تاجروں پر زور دیا کہ وہ نیشنل ٹیکس نمبر حاصل کریں اور اپنی ٹیکس ریٹرنز فائل کریں۔
کاشف چوہدری نے کہا کہ تاجر ٹیکس ادا کرنے کے لیے تیار ہیں، تاہم حکومت کو کاروباری افراد کے لیے سازگار ماحول بھی فراہم کرنا چاہیے۔

