کراچی (15 اگست 2026): نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے 79ویں یوم آزادی پر کراچی کے شہریوں کو تحفہ دیتے ہوئے نادرا ایگزیکٹو رجسٹریشن سینٹر عائشہ منزل کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی رکن سندھ اسمبلی سید عادل عسکری، ٹاؤن چیئرمین نصرت اللہ، ڈائریکٹر جنرل نادرا عامر علی خان اور نادرا کے دیگر افسران نے شرکت کی۔
سہولیات کی تفصیلات:
رواں سال کے دوران کراچی میں قائم کیا جانے والا یہ بارہواں نادرا سینٹر ہے جہاں شہریوں کی سہولت کیلیے 4 ون ونڈو کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں جبکہ جانشینی سرٹیفکیٹ، پاک آئی ڈی اور بزرگ شہریوں کیلیے خصوصی کاؤنٹرز بنائے گئے ہیں۔
اس مرکز سے علاقے کے تقریباً 20 سے 25 لاکھ شہری مستفید ہوں گے اور انہیں شناختی دستاویزات سے متعلق خدمات اپنے علاقے میں ہی دستیاب ہوں گی۔
شہریوں کی سہولت کیلیے اس مرکز میں ٹیبلٹ ڈیوائس اور کیاسک مشین بھی فراہم کی گئی ہیں جن کے ذریعے شہری شناختی دستاویزات سے متعلق بعض خدمات خود بھی حاصل کر سکیں گے۔
کیش لیس اور پیپرلیس ماحول یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلیے اسٹینڈ بائی جنریٹر کی سہولت بھی موجود ہے۔ تمام شہریوں کیلیے آئرس کی سہولت بھی متعارف کروائی گئی ہے جس کے تحت ہر شہری اپنا آئرس اندراج مفت کروا سکے گا۔
اوقات کار:
نادرا رجسٹریشن سینٹر عائشہ منرزل ہفتے میں 6 دن، صبح 8:00 بجے سے سہ پہر 3:00 بجے تک شہریوں کو خدمات فراہم کرے گا۔ شہریوں کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے پیشِ نظر ضرورت پڑنے پر شام کی شفٹ بھی فعال کی جا سکے گی۔

