اسلام آباد :اسلام آباد پولیس کو 14 سال بعد 30 نئی گاڑیاں فراہم کردی گئیں، اقدام کا مقصد پولیس کی نقل و حرکت بہتر بنانے اور ہنگامی صورتحال میں رسپانس ٹائم کم کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے 27 تھانوں کو 30 نئی گاڑیاں فراہم کردی گئیں، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے گاڑیوں کی چابیاں اسلام آباد پولیس کے حوالے کردیں۔
اسلام آباد پولیس کے تھانوں کو نئی گاڑیاں فراہم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ناکارہ گاڑیوں کے ساتھ جدید پولیسنگ کا تصور ناممکن ہے، وقت کے مطابق ضروریات پوری کرکے ہی مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نئی گاڑیوں کی فراہمی سے اسلام آباد پولیس کا رسپانس ٹائم بہتر ہوگا، جبکہ عوام کی حفاظت اور سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا اسلام آباد کے تمام تھانوں کی تعمیر اور اپ گریڈیشن پر بھی کام جاری ہے، جسے جلد مکمل کیا جائے گا، الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال حکومت کی ماحول دوست پالیسی کا حصہ ہے اور ان کے استعمال سے پیٹرولیم اخراجات میں نمایاں کمی ہوگی۔
اس موقع پر وزیر مملکت طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس کے پاس گزشتہ 14 سال سے پرانی گاڑیاں تھیں، جبکہ وفاقی دارالحکومت سے پوری دنیا میں پاکستان کا امیج جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس افسران کو ضروری لاجسٹکس فراہم کیے جا رہے ہیں اور گھروں کی تعمیر بھی جاری ہے۔ وفاقی دارالحکومت کے تمام 27 تھانوں کی تعمیر و بحالی پر کام جاری ہے، جو رواں سال مکمل کرلیا جائے گا۔
طلال چوہدری نے مزید کہا پولیس میں نفری کی کمی پوری کرنے کے لیے میرٹ پر 9 ہزار نئے جوان بھرتی کیے جا رہے ہیں۔ ان اقدامات کے ذریعے اسلام آباد پولیس کو پورے ملک کے لیے ماڈل بنایا جائے گا۔

