کراچی (12 اگست 2026): ہیتھرو ایئرپورٹ پر غیر ملکی ایئرلائنز کو دیے گئے سلاٹس پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کو واپس مل گئے۔
سلاٹس کی واپسی سے پی آئی اے پاکستان سے لندن کے لیے مزید پروازیں آپریٹ کر سکے گی۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی برطانوی پروازوں پر پابندی کے تناظر میں ہیتھرو ایئرپورٹ پر 14 سلاٹس غیر ملکی ایئرلائنز کو دیے گئے تھے، جو اب پی آئی اے کو واپس مل گئے ہیں۔
اکتوبر سے شروع ہونے والے موسم سرما کے شیڈول میں اسلام آباد اور لاہور سے لندن کے لیے پی آئی اے کی پروازوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔
پی آئی اے کی اسلام آباد سے لندن کے لیے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد ممکنہ طور پر 3 سے بڑھ کر 5 ہو جائے گی، جب کہ لاہور سے لندن کی ہفتہ وار پروازیں ایک سے بڑھ کر 2 ہونے کا امکان ہے۔
سلاٹس کی واپسی سے کراچی اور سیالکوٹ سے لندن کے لیے رابطہ پروازوں میں بھی اضافہ ہوگا۔

