اسلام آباد : جعلی دستاویزات پر سعودی عرب ٹورسٹ ویزا حاصل کرنے والے مسافرکو آف لوڈ کر دیا گیا، ملزم نے حسین نامی ایجنٹ کو 2 لاکھ 20 ہزار روپے کی رقم ادا کر کے یہ ویزا حاصل کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے امریکی پرمیننٹ ریزیڈنس کارڈ کی جعلی دستاویزات کی بنیاد پر سعودی عرب کا ٹورسٹ ویزا حاصل کرنے والے مسافر کو پرواز سے آف لوڈ کر دیا۔
حکام نے بتایا کہ 8 اگست 2026 کو سیکنڈری پروفائلنگ کے دوران پی آئی اے کی فلائٹ (PK-841) کے ذریعے سعودی عرب جانے والے مسافر کی سفری دستاویزات کی باریک بینی سے جانچ کی گئی۔
جس پر معلوم ہوا کہ پشاور سے تعلق رکھنے والے مسافر نے جعلی امریکی پرمیننٹ ریزیڈنس کارڈ اور غلط بیانی کے ذریعے سعودی ٹورسٹ ویزا حاصل کر رکھا تھا۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے حسین نامی ایجنٹ کو 2 لاکھ 20 ہزار روپے کی رقم ادا کر کے یہ ویزا حاصل کیا تھا۔
ایف آئی اے حکام نے مسافر کو گرفتار کر کے مزید قانونی کارروائی اور ایجنٹ کی گرفتاری کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا ہے جہاں تفتیش جاری ہے۔

