اسلام آباد : ہائیکورٹ کے باہر احتجاج کی کال کی ناکامی پر مرکزی رہنما سلمان اکرم راجہ اپنی ہی پارٹی کے اراکین اسمبلی پر پھٹ پڑے اور سوال اٹھایا کہ “کہاں ہیں یہ سارے لوگ؟ کیوں نہیں آئے؟۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے احتجاج کی کال اراکینِ اسمبلی کی عدم موجودگی کے باعث ناکام ہو گئی، جس پر پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما سلمان اکرم راجہ اپنی ہی پارٹی کے نمائندوں پر سخت برہم ہو گئے۔
احتجاج کی کال کے باوجود صرف سلمان اکرم راجہ، علی محمد خان اور شفقت ایاز ہی اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے۔
جس پر سلمان اکرم راجہ نے شدید مایوسی اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا “میں نے گڑگڑا کر اراکینِ اسمبلی سے التجا کی تھی کہ وہ ہائیکورٹ کے باہر پہنچیں، کیونکہ آج بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق اہم نکات جمع کروائے جانے تھے۔”
انہوں نے سوال اٹھایا کہ “کہاں ہیں یہ سارے لوگ؟ کیوں نہیں آئے؟” اور خبردار کیا میں سب کے نام سامنے لاؤں گا۔
انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ 5 اگست کے احتجاج کے موقع پر بھی جو لوگ سامنے نہیں آئے تھے، ان سب کے بارے میں بھی انہیں مکمل علم ہے۔

