بونیر : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کی والدہ انتقال کر گئیں، وزیراعظم شہباز شریف سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی والدہ محترمہ کلثوم فاروقی انتقال کر گئیں۔
بیرسٹر گوہر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر اپنی والدہ کی رحلت کی تصدیق کرتے ہوئے شدید رنج و غم کا اظہار کیا اور عوام سے ان کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ “انتقال کی خبر انتہائی دکھی دل کے ساتھ دی جا رہی ہے، ہماری محترم اور شفیق والدہ ہم سے جدا ہو گئی ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔” مرحومہ کی نمازِ جنازہ ضلع بونیر کے گاؤں ڈگر میں ادا کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے بیرسٹر گوہر کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے غمزدہ خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
وزیراعظم نے اس مشکل وقت میں بیرسٹر گوہر اور ان کے خاندان کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

