کراچی میں آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر کمشنر کراچی نے نوٹس لے لیا ہے۔
نیوز کے مطابق کمشنر کراچی اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے اجلاس میں گندم سستی اور بلا رکاوٹ فراہمی پر اتفاق کیا گیا جس کے بعد فلور ملز نے ڈھائی نمبر آٹے کی ایکس مل قیمت 3 روپے فی کلو کم کرکے 130 روپے مقرر کردی ہے۔
شہر کی فلور ملز آج سے ایکس مل سطح پر آٹا 130 روپے فی کلو فروخت کریں گی، گندم کی قیمت کم ہوکر 121 روپے فی کلو ہوگئی ہے جبکہ آٹے کی قیمت بھی کم کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ فلور ملز ایسوسی ایشن نے اس سے قبل آٹے کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا تھا، ڈھائی نمبر آٹے کی قیمت 133 روپے فی کلو جبکہ فائن آٹا 149 روپے فی کلو کردیا گیا تھا۔
گزشتہ تین ماہ میں ڈھائی نمبر آٹے کی قیمت میں 24 روپے فی کلو اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ فائن آٹے کی قیمت میں 31 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا تھا۔
چکی کے آٹے کی قیمت 3 ماہ میں 20 سے 25 روپے فی کلو تک بڑھ گئی، چکی مالکان کو گندم 130 روپے فی کلو فراہم کی جارہی ہے اگر گندم مزید مہنگی ہوئی تو آٹے کی قیمت میں دوبارہ اضافے کا خدشہ ہے۔

