اسلام آباد(یکم اگست 2026): اسلام آباد میں حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان انتخابات سے متعلق مذاکرات ختم ہونے کا قوی امكان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات کے تینوں دور بے نتیجہ ختم ہو چکے ہیں، جبکہ حکومت کی جانب سے معاملے پر مزید مشاورت کے لیے مہلت مانگی گئی تھی۔
پیپلز پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی نے حکومت کو مشاورت کے لیے مزید مہلت دینے سے معذرت کر لی ہے۔ پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ حکومت مذاکرات کے نام پر صرف وقت حاصل کرنا چاہتی ہے اور وہ پیپلز پارٹی کے ساتھ مذاکرات میں بالکل سنجیدہ نہیں ہے۔
پی پی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حکومت کے غیر سنجیدہ رویے کے باعث پیپلز پارٹی ان مذاکرات کو ختم کر سکتی ہے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے حکومت کو انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے شبوت بھی فراہم کر دیے گئے ہیں، اور پارٹی نے واضح کیا ہے کہ وہ دھاندلی سے متعلق اپنے تحفظات سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ موجودہ حالات میں مذاکرات کی تمام تر ناکامی کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔

