(یکم اگست 2026): گلگت میں پہلی بار کسی غیر قانونی سگریٹ فیکٹری کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ٹوبیکو بورڈ (پی ٹی بی) کی جانب سے غیر قانونی سگریٹ سازی کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں۔ چیئرمین پی ٹی بی شاہد حسین کی ہدایت پر مانسہرہ اور گلگت میں چھاپے مارے گئے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ گلگت کے علاقے جگلوٹ میں کارروائی کے دوران غیر قانونی سگریٹ فیکٹری اور تمباکو کا گودام سیل کر دیا گیا ہے۔ اس کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں سگریٹ بنانے کی مشینری اور خام مال برآمد کیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس غیر قانونی فیکٹری میں ’رائل ٹوبیکو کمپنی‘ کا ’چیمپئن‘ سگریٹ برانڈ تیار کیا جا رہا تھا۔ کارروائی کے دوران فیکٹری کا تمام ریکارڈ بھی اپنی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی بی نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی کاموں میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور غیر قانونی سگریٹ بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

