مظفر آباد : آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پاکستان میں بسنے والے کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر الیکشن ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
دوسرے مرحلے میں پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر 2 اگست کو پولنگ ہوگی، جس کے لیے الیکشن کمیشن کا عملہ متحرک ہے۔
ایل اے 41 ویلی لاہور کے حلقے میں مجموعی طور پر 6 ہزار 410 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جبکہ اس نشست پر 9 امیدوار مدمقابل ہیں۔ حلقہ لاہور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور قصور کے اضلاع پر مشتمل ہے۔
الیکشن کمیشن نے اس حلقے میں مجموعی طور پر 19 پولنگ اسٹیشن قائم کیے ہیں، جن میں لاہور میں 13، شیخوپورہ میں 4 جبکہ ننکانہ صاحب اور قصور میں ایک، ایک پولنگ اسٹیشن شامل ہے۔
قصور میں صرف 2 رجسٹرڈ ووٹرز کے لیے مکمل طور پر ایک الگ پولنگ اسٹیشن قائم کیا جا رہا ہے، جو انتخابات کی منفرد خصوصیات میں سے ایک بن گیا ہے۔

