لاہور (30 جولائی 2026): لاہور کے علاقے ہربنس پورہ کی محمد دین کالونی میں 3 منزلہ مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ملبے سے 6 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جب کہ ریسکیو ٹیم اب تک ملبے تلے دبے 10 افراد کو نکال چکی ہے جنھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے دیگر افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں، ریسکیو آپریشن میں 10 ایمرجنسی وہیکلز اور 40 ریسکیو اہلکار موقع پر موجود ہیں۔
پولیس کے مطابق 3 منزلہ مکان میں 3 خاندان رہائش پذیر تھے۔ ریسکیو حکام کے مطابق مذکورہ گھر کی چھت مٹی اور ٹی آر گارڈر سے بنی ہوئی تھی۔ واضح رہے کہ پنجاب میں حالیہ بارشوں کے دوران لاہور کے دیگر علاقوں جن میں شالیمار روڈ، شاداب کالونی اور کاہنہ شامل ہیں، میں چھتیں گرنے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
فیصل آباد میں ہونے والے ایک اور افسوس ناک واقعے میں تلیاں والا میں بارش کے باعث گھر کی چھت گر گئی، اور ملبے تلے دب کر 2 کمسن بھائی جاں بحق جب کہ 3 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق بچوں میں 6 ماہ کا رضوان اور 6 سالہ محمد سبحان شامل ہیں، بچوں کے والد ادریس، والدہ رضوانہ اور 6 سالہ محمد احمد زخمی ہو گئے ہیں جنھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، حکام کے مطابق چھت بارش کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے گری۔

