کراچی : سندھ کی تاریخ میں پہلی بار 101 افسران کے لیے مشترکہ ٹریننگ پروگرام کا آغاز کردیا گیا ، پروگرام 2اکتوبر تک ٹریننگ اینڈ ریسرچ ونگ کراچی میں جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے صوبے کی تاریخ میں پہلی بار افسران کے لیے پہلے ‘کامن ٹریننگ پروگرام’ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس تاریخی پروگرام میں مختلف محکموں کے 101 افسران مشترکہ طور پر تربیت حاصل کر رہے ہیں۔
ٹیرننگ اینڈ ریسرچ ونگ کراچی میں شروع ہونے والے اس پروگرام میں صوبائی انتظامیہ کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افسران شریک ہیں ، جن میں 29 پروونشل مینجمنٹ سروس افسران ، 27 ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس, 40 اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ افسران ، 4 اسسٹنٹ رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز اور 1 اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن شامل ہیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے تربیت کے جدید نصاب کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا نئے افسران کو دورِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنے کے لیے خصوصی توجہ دی جائے گی، افسران کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (IT) کی تربیت دی جائے گی جبکہ پروجیکٹ مینجمنٹ اور گوگل سرٹیفیکیشن کی خصوصی ٹریننگ نصاب کا حصہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ افسران کو سندھ پی پی آر اے رولز سے متعلق تفصیلی گائیڈ لائنز دی جائیں گی۔
چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ عوامی خدمت محض ایک عہدہ یا پوزیشن نہیں ہے، بلکہ یہ دیانت داری، قربانی اور اعلیٰ ذمہ داری کا نام ہے۔
حکام کے مطابق یہ مشترکہ کامن ٹریننگ پروگرام 2 اکتوبر تک ٹریننگ اینڈ ریسرچ ونگ کراچی میں جاری رہے گا، جس کا مقصد صوبے میں پبلک ایڈمنسٹریشن اور سروس ڈیلیوری کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔

