لاہور : اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے کے کیس میں لیگی ایم پی اے ثاقب اور ان کی اہلیہ کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ لاہور میں اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے صوبائی اسمبلی کے رکن (ایم پی اے) ثاقب اور ان کی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کر دی ہے۔
سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے کیس کی اب تک کی پیش رفت سے عدالت کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ لیگی رہنما ثاقب کی حد تک مقدمے کی تفتیش مکمل کی جا چکی ہے، ثاقب کی اہلیہ سمیرا نے دو روز قبل اپنا موبائل فون وفاقی تحقیقاتی ادارے کے پاس جمع کروا دیا ہے، جسے باقاعدہ فرانزک تجزیے کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
سماعت کے دوران اداکارہ مومنہ اقبال کے وکیل عدنان نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان کی عبوری ضمانت کو خارج کیا جائے کیونکہ ان پر سنگین الزامات ہیں۔
تاہم، عدالت نے کیس ک کے تفتیشی عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزمان کی عبوری ضمانت میں اگلے ماہ کی 3 تاریخ تک توسیع کا حکم جاری کیا۔
اس کے ساتھ ہی عدالت نے فریقین کے وکلا کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ سماعت پر مقدمے کے حوالے سے اپنے حتمی دلائل پیش کریں۔

