لاہور(27 جولائی 2026) لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں ایک مقامی کیفے کے اندر خواتین پر مبینہ تشدد، ہراسگی اور فائرنگ کے واقعے پر پولیس نے معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر و ٹک ٹاکر رجب بٹ اور ان کے متعدد ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایف آئی آر عائشہ جٹ نامی خاتون کی مدعی میں درج کی گئی ہے، جن کا کہنا ہے کہ وہ 25 جولائی کو اپنے دوستوں کے ساتھ ایک مقامی کیفے گئی تھیں، جہاں دو مردوں اور دو خواتین نے ان کے ایک دوست کو ہراساں کیا جس پر تلخ کلامی شروع ہو گئی۔
مدعیہ کے مطابق جب انہوں نے بیچ بچاؤ کرانے کی کوشش کی تو ملزمان نے گالی گلوچ اور تھپڑ مارے، جبکہ ایک ملزم میر شفیع نے پستول نکال کر ہوائی فائرنگ کی۔
ایف آئی آر میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ رجب بٹ خود موقع پر موجود تھے اور انہوں نے جھگڑے کے دوران مدعیہ اور ان کی دوست پر حملے میں حصہ لیا۔
جس کے بعد نواب ٹاؤن پولیس نے پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 354، 506(بی) اور 337-ایچ (2) کے تحت مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

