فیصل آباد : الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کو خبردار کیا ہے کہ حکومت کی سبسڈی برقرار رکھنے کے لیے لازمی QR ویریفکیشن فوری مکمل کریں، بصورت دیگر سبسڈی سے محروم ہو سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزارتِ توانائی کی خصوصی ہدایات اور چیف ایگزیکٹو آفیسر فیسکو انجینئر محمد عامر کے احکامات پر فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے بجلی کے بلوں پر کیو آر کوڈ اسکیننگ کے ذریعے صارفین کی تصدیق اور رجسٹریشن مہم کو مزید تیز کر دیا۔
اس اقدام کا مقصد مستحق صارفین کو کراس سبسڈی کی بلا تعطل فراہمی اور پورے نظام کو ڈیجیٹل و محفوظ بنانا ہے۔
فیسکو کے ترجمان محمد سعید رضا نے رجسٹریشن کے حوالے سے بتایا کہ فیسکو ریجن میں حکومتی سبسڈی کے اہل پروٹیکٹڈ صارفین کی مجموعی تعداد 39 لاکھ 51 ہزار 336 ہے اور اب تک 17 لاکھ 13 ہزار 110 صارفین اپنے بجلی کے بلوں پر موجود کیو آر کوڈ اسکین کر کے کامیابی سے رجسٹر ہو چکے ہیں
مزید پڑھیں
ترجمان کا کہنا تھا کہ ریجن کے 22 لاکھ 38 ہزار 126 صارفین ایسے ہیں جنہوں نے ابھی تک تصدیقی عمل مکمل نہیں کیا، جس کے باعث مستقبل میں ان کی حکومتی سبسڈی رکنے یا مشکلات پیش آنے کا سنگین خطرہ ہے۔
ترجمان نے غیر رجسٹرڈ صارفین کو کیو آر کوڈ اسکین کرنے کا آسان طریقہ بتاتے ہوئے کہا اپنے تازہ ترین بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ کو موبائل سے اسکین کریں، اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر درج کریں پھر اپنا رجسٹرڈ موبائل نمبر فراہم کریں بعد ازاں موبائل پر موصول ہونے والا ون ٹائم پاس ورڈ درج کر کے عمل مکمل کریں۔
فیسکو انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اس جدید نظام کا مقصد غیر مستحق افراد کی جانب سے سبسڈی کے ناجائز استعمال کی روک تھام اور ریلیف کی براہ راست اصل حقدار تک رسائی ہے۔
ترجمان محمد سعید رضا نے صارفین کو متنبہ کیا ہے کہ وہ صرف اپنے اصل بجلی کے بل پر چھپے ہوئے کیو آر کوڈ کا ہی استعمال کریں اور کسی بھی جعلی ویب سائٹ، مشکوک لنک یا غیر مصدقہ پلیٹ فارم پر اپنا شناختی کارڈ نمبر یا موبائل نمبر ہرگز درج نہ کریں۔

