لاہور : وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ جیسے ہی بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں نیچے آئیں گی تو ہم بھی قیمت کم کر دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے ایکسپو سینٹر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت ملک کو معاشی بحران سے نکالنے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے ملک میں ٹیکس چوری کے نظام پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا اگر ملک میں بدستور ٹیکس چوری جاری رہے گی تو حکومت عوام کے فلاحی کام کیسے کرے گی؟ بدقسمتی سے جو لوگ باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرتے ہیں، انہیں ٹیکس چوری کرنے والوں کا بوجھ بھی اٹھانا پڑتا ہے۔ اگر یہ سلسلہ نہ رکا تو سارا بوجھ ایماندار شہریوں پر ہی آئے گا۔
انہوں نے بتائیا کہ وزیر اعظم نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (میں جو حالیہ اصلاحات کی ہیں، ان کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
تیل کی قیمتوں اور مہنگائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے دور میں تیل کی قیمتیں مصنوعی طور پر نیچے رکھ کر ملک کو دیوالیہ کے قریب پہنچایا تھا، پی ٹی آئی کے چار سالوں میں پاکستان کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا۔
ان انھوں نے کہا امریکہ اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے اثرات صرف پاکستان نہیں بھگت رہا، بلکہ اس کی وجہ سے خود امریکہ میں بھی مہنگائی کی شدید لہر آ چکی ہے۔
پیٹرول کی قیمتوں کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جب بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو ہم بھی قیمتیں بڑھانے پر مجبور ہوتے ہیں، تاہم جیسے ہی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتیں نیچے آئیں گی تو ہم بھی قیمت کم کر دیں گے،
وفاقی وزیر نے پاکستان کی سفارتی اور معاشی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے بہترین سفارتکاری کے ذریعے دنیا کے سامنے خود کو ایک امن پسند ملک کے طور پر ثابت کیا ہے، جس کی بدولت 12 سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان کی بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ کو دوبارہ اپ گریڈ کیا گیا ہے۔

