اسلام آباد : اقوام متحدہ نے اپنے مختلف شعبہ جات میں پاکستانی نوجوانوں کیلیے روزگار کے دروازے کھول دیے، ملازمت کیلیے نئی آسامیوں کا اعلان کردیا گیا۔
اقوام متحدہ اور اس کے ذیلی اداروں نے پاکستان سمیت مختلف ممالک کے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار پیشہ ور افراد کے لیے ملازمت کے متعدد مواقع فراہم کیے ہیں۔
ان آسامیوں کا مقصد مختلف شعبوں کے ماہرین کو عالمی ترقیاتی منصوبوں میں کردار ادا کرنے کا موقع دینا ہے۔
اقوام متحدہ کے نظام کے تحت انجینئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت عامہ، مالیات، ماحولیات، سماجی علوم اور دیگر شعبوں میں باقاعدگی سے پیشہ ورانہ آسامیوں کا اعلان کیا جاتا ہے۔

ان عہدوں پر منتخب ہونے والے افراد کو عالمی سطح پر پالیسی سازی، بین الاقوامی تعاون اور مختلف ثقافتوں کے حامل ماہرین کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملتا ہے۔
اقوام متحدہ کے اداروں میں ملازمت کرنے والے افراد موسمیاتی تبدیلی، غربت کے خاتمے، انسانی امداد، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کے تحفظ جیسے اہم عالمی مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔
ان ملازمتوں کے ساتھ بین الاقوامی معیار کے مطابق تنخواہیں، طبی سہولیات، پنشن، پیشہ ورانہ تربیت اور مختلف ممالک میں کام کرنے کے مواقع بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔
دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے سرکاری کیریئر پورٹل اور اس سے وابستہ اداروں، جیسے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی )، اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسیف) اور عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او ) کی ویب سائٹس پر دستیاب آسامیوں کا جائزہ لیں۔
امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی تعلیمی قابلیت، پیشہ ورانہ تجربے اور تکنیکی مہارت کے مطابق درخواستیں جمع کرائیں اور اپنی درخواستوں میں متعلقہ تجربے، مہارت اور اقوام متحدہ کی بنیادی اقدار، جن میں دیانت داری، پیشہ ورانہ مہارت، جوابدہی اور تنوع کا احترام شامل ہیں کو نمایاں کریں۔
خواہشمند افراد اقوام متحدہ کے آفیشل پورٹل www.careers.un.org پر یو این ڈی پی یا ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن جیسی سائٹس پر ملازمتوں پر نظر رکھیں۔ اور مزید معلومات کیلیے www.beoe.gov.pk پر وزٹ کریں۔
ماہرین کے مطابق اقوام متحدہ کے اداروں میں خدمات انجام دینے سے پاکستانی پیشہ ور افراد نہ صرف عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں بلکہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بین الاقوامی پالیسی سازی اور ترقیاتی اقدامات میں بھی مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔

