کوئٹہ(21 جولائی 2026): بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ایک نجی اسپتال میں معجزانہ طور پر ایک شہری کے ہاں ایک ساتھ 5 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے، جن میں 3 بیٹیاں اور 2 بیٹے شامل ہیں۔
ڈاکٹرز کے مطابق تمام بچے صحت مند ہیں، تاہم پیدائش کے بعد نوزائیدہ بچوں کو طبی احتیاط کے پیشِ نظر 10 دن کے لیے خصوصی نگہداشت میں رکھا جائے گا۔
بچوں کے والد کے مطابق ان کے ہاں پہلے سے بھی 3 بچے موجود تھے، اور ان 5 بچوں کی پیدائش کے بعد اب ان کے کل بچوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔ یکمشت 5 بچوں کی پیدائش پر اہلخانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کے رہائشی عدنان شیخ نامی شخص کی بیوی نے بیک وقت پانچ بچوں کو جنم دیا تھا۔ ڈاکٹرز کے مطابق پانچوں بچے 29 ہفتوں کی حمل کے بعد قبل از وقت پیدا ہوئے تھے۔
اس کے علاوہ بنوں میں بھی گزشتہ سال ایک خاتون کے ہاں 5 بچے پیدا ہوئے تھے جن میں تین بیٹے اور بیٹیاں شامل تھیں۔ جبکہ پشاور میں بھی پچھلے سال خاتون کے ہاں بیک وقت تین بچیوں اور دو بچوں کی پیدائش ہوئی تھی۔

