اوٹاوا: پاکستانیوں کے لیے کینیڈا ویزا پروسیسنگ ٹائمز میں بڑی تبدیلی کردی گئی ، اب وزٹ ویزا کی پروسیسنگ 39 دن میں ہوگی، جبکہ اسٹڈی پرمٹ کی مدت بدستور 6 ہفتے برقرار ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیگریشن، ریفیوجیز اینڈ سٹیزن شپ کینیڈا نے 15 جولائی کو ویزا اور امیگریشن درخواستوں کے تازہ ترین پروسیسنگ ٹائمز جاری کر دیے ہیں، جن میں بعض کیٹیگریز میں بہتری جبکہ بعض میں تاخیر دیکھنے میں آئی ہے۔
تازہ اعداد و شمار کے تحت شہریت سرٹیفکیٹ کی پروسیسنگ کا دورانیہ بڑھ کر 19 ماہ ہو گیا، گزشتہ رپورٹ کے بعد مزید 17 ہزار 500 درخواستیں موصول ہونے سے اس کیٹیگری میں تاخیر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ صرف تین ماہ قبل یہی مدت 3 ماہ تھی۔
دوسری جانب شہریت گرانٹ کی پروسیسنگ بہتر ہو کر 12 ماہ رہ گئی ہے، جبکہ کیوبیک سے باہر والدین اور دادا دادی/نانا نانی اسپانسرشپ کی درخواستوں کا دورانیہ کم ہو کر 30 ماہ ہو گیا ہے۔
مستقل رہائش کی بعض معاشی کیٹیگریز میں بھی بہتری آئی ہے۔ کینیڈین ایکسپیرینس کلاس کی پروسیسنگ مدت کم ہو کر 6 ماہ، جبکہ نان ایکسپریس انٹری پروونشل نومینی پروگرام کی مدت 12 ماہ رہ گئی ہے۔
اسی طرح اندرونِ کینیڈا ورک پرمٹ کی پروسیسنگ بھی کم ہو کر 124 دن تک آگئی ہے۔
پاکستان سے درخواست دینے والوں کے لیے وزیٹر ویزا کی پروسیسنگ مدت بڑھ کر 39 دن ہو گئی ہے، جبکہ اسٹڈی پرمٹ کی مدت بدستور 6 ہفتے برقرار ہے۔
آئی آر سی سی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے سپر ویزا کی پروسیسنگ مدت 187 دن ہے، جو فہرست میں شامل ممالک میں سب سے زیادہ ہے۔
کینیڈین امیگریشن حکام نے ایک بار پھر متنبہ کیا ہے کہ نامکمل دستاویزات درخواست مسترد ہونے کی اہم وجوہات میں شامل ہیں، اس لیے تمام دستاویزات مکمل اور درست جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

