ممبئی(17 جولائی 2026): بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کے چھوٹے بھائی اور معروف اداکار و فلم ساز سہیل خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ بچپن میں جنسی ہراسانی کا شکار ہوئے تھے اور انہوں نے برسوں اس تلخ تجربے کو اپنے دل میں چھپائے رکھا۔
57 سالہ سہیل خان نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ کے دوران یہ انکشاف اس وقت کیا جب پروگرام میں بچوں کے ساتھ پیش آنے والے برے سلوک، ریگنگ، اور خوف کی وجہ سے خاموشی اختیار کر لینے کے موضوع پر گفتگو ہو رہی تھی۔
سہیل خان نے بتایا کہ بالغ ہونے کے بعد انہوں نے بالآخر اپنے والد سلیم خان کو اس واقعے کے بارے میں بتایا۔ واقعے کا سن کر ان کے والد نے افسوس کا اظہار کیا اور پوچھا کہ بیٹا، تم نے یہ بات مجھ سے اتنے سالوں تک کیوں چھپائی؟۔
جس پر انہوں نے والد سے معذرت کی کیونکہ اس وقت وہ شرمندگی اور خوف محسوس کرتے تھے، اور انہیں لگتا تھا کہ شاید غلطی ان کی اپنی تھی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ اس تکلیف دہ اور تلخ تجربے نے ان کی زندگی پر گہرا اثر چھوڑا، یہی وجہ ہے کہ اب وہ اپنے دونوں بیٹوں، نرواں اور یوہان کی تربیت کے معاملے میں انتہائی حساس ہیں۔
سہیل خان نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹوں کو ہمیشہ والدین سے ہر بات شیئر کرنے کی تلقین کرتے ہیں اور ان سے کہتے ہیں کہ بیٹا، مجھ سے کوئی بھی بات شیئر کرنے میں کبھی مت شرمانا، اگر کوئی آپ کو تنگ کر رہا ہے تو فوراً بتاؤ کیونکہ یہ سب میرے ساتھ ہو چکا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ بچوں کے لیے خاموشی اختیار کرنے کے بجائے بروقت آواز اٹھانا اور والدین سے مدد طلب کرنا انتہائی ضروری ہے، تاکہ وہ کسی بھی قسم کی ہراسانی یا غلط رویے کے خوف سے آزاد ہو کر زندگی گزار سکیں۔

