(14 نومبر 2026): امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ اگر ہم آواز بلند نہ کرتے تو پیٹرول کی قیمت 500 روپے سے زائد ہو جاتی۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے خلاف جدوجہد کی، کئی لوگوں نے ہمارا مذاق اڑایا لیکن ہم اپنی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں ایک فرد کے کمانے سے گھر نہیں چلتا، لاہور: عوام بجلی کے بلوں، ٹیکسز اور اخراجات سے شدید پریشان ہیں، مڈل کلاس افراد کی زندگی بھی اجیرن بن چکی ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے مزید کہا کہ کام کرنے والی خواتین کو تحفظ ملنا چاہیے، ریاست ایسے ادارے بنائے جہاں سے خواتین کو انصاف مل سکے، بنو قابل پروگرام سے بیشتر خواتین باوقار روزگار کما رہی ہیں، خواتین کوشش کریں نوکری کی بجائے اپنا کاروبار کریں، بزنس فورم الخدمت کے ساتھ مل کر خواتین کو روزگار کمانے کے مواقع دے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کا موجودہ نظام خواتین کو عزت دینے میں ناکام ہو چکا ہے، نظام بدلنے کیلیے خواتین بھی جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

