کراچی(14 نومبر 2026): مقتول میر رضا کے بزنس پارٹنر احمد بھردے اور ان کے بھائی عبداللہ کو تفتیش کے بعد رات گئے رہا کر دیا گیا۔
کراچی میں میر رضا کیس کے حوالے سے تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے جس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ اہل خانہ کے مطابق مقتول میر رضا کے بزنس پارٹنر احمد بھردے اور ان کے بھائی عبداللہ کو تفتیش کے بعد رات گئے رہا کر دیا گیا۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ احمد بھردے کو سر سید تھانے میں دوپہر 12 بجے سے شروع ہونے والی تفتیش کے بعد رات ساڑھے 12 بجے ریلیز کیا گیا، جبکہ ان کے بھائی عبداللہ کو بھی گزشتہ روز تفتیش کے لیے بلایا گیا تھا جنہیں رات سوا 12 بجے چھوڑ دیا گیا۔
تفتیشی افسر کی جانب سے دونوں بھائیوں کے بیانات قلمبند کیے گئے، ان سے حلف ناموں پر دستخط کروائے گئے اور دوبارہ طلبی پر حاضری کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق احمد کو تھانہ تیموریہ جبکہ دوسرے بھائی کو تھانہ سر سید کے حوالے کیا گیا تھا۔
کراچی: جے آئی ٹی کا میر رضا کے پارٹنر احمد بھر دے کا حتمی بیان لینے کا فیصلہ
دوسری جانب ڈی آئی جی ویسٹ آفس میں میر رضا کیس کی جے آئی ٹی کا دوسرا اجلاس چار گھنٹے تک جاری رہا، جس کی صدارت جے آئی ٹی کے سربراہ اور ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے کی۔
اجلاس میں میر رضا کے اہل خانہ، بزنس پارٹنر احمد بھردے اور ان کے بھائی کے بیانات ریکارڈ کیے گئے، جبکہ سابق اور موجودہ پولیس افسران سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔ اس موقع پر سی پی ایل سی نے بھی اپنی تحقیقاتی رپورٹ جے آئی ٹی کو پیش کر دی۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے میر رضا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس، مالی اور کاروباری معاملات کی چھان بین شروع کر دی ہے۔ معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے مقتول سے مالی لین دین اور کاروباری روابط رکھنے والے افراد کو مرحلہ وار طلب کرکے ان کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں، این سی سی آئی اے کو کیس کے تکنیکی پہلوؤں پر از سر نو تحقیقات کی ہدایت کی گئی ہے، سابقہ تفتیشی ٹیم کے ارکان کے بیانات بھی دوبارہ ریکارڈ کیے جائیں گے جبکہ جے آئی ٹی ماضی کی تمام تحقیقات کا از سر نو جائزہ لے گی۔
