واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز کو بتایا کہ ایف اے اے کی جانب سے پروازوں کی روانگی روکنے کا واقعہ سائبر حملے یا مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا نتیجہ بظاہر نہیں لگتا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ بظاہر ایسا نہیں لگتا کہ یہ صورتِ حال کسی سائبر حملے یا مصنوعی ذہانت سے متعلق مسئلے کا نتیجہ ہو، یا اس نوعیت کی کوئی اور بات ہو۔
فاکس نیوز کے پیٹر ڈوسی نے جمعے کے روز براہِ راست نشریات کے دوران کہا میں نے صدر سے مختلف انداز میں دو تین مرتبہ یہ سوال کیا، لیکن ان کا یہی کہنا تھا کہ ایسا معلوم نہیں ہوتا۔ صدر ٹرمپ کے مطابق ایسے واقعات میں ہمیشہ اس چیز کی سب سے پہلے جانچ کی جاتی ہے۔
میڈیا کے مطابق ابھی تک کسی نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کرنے کی کوشش نہیں کی، جب کہ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر سائبر حملے کے شواہد سامنے آئے تو میڈیا کو اس سے آگاہ کیا جائے گا۔
فاکس نیوز کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا بظاہر یہ صورتِ حال بنیادی ڈھانچے میں موجود پرانے اور خراب آلات کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے، ایف اے اے کے بعض آلات 50 سال سے بھی زیادہ پرانے ہیں اور ادارہ انھیں تبدیل کرنے کے معاملے پر کانگریس سے بات چیت کر چکا ہے۔

