اسلام آباد(11 نومبر 2026): پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو طبیعت ناساز ہونے پر سخت سیکیورٹی حصار میں اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں طبی معائنے اور علاج کے بعد انہیں واپس جیل منتقل کر دیا گیا۔
جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو رات ایک بج کر 40 منٹ پر اڈیالہ جیل سے روانہ کیا گیا اور پمز اسپتال لایا گیا۔ اسپتال میں عمران خان کے لیے پہلے سے مقرر کردہ ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم نے ان کا مکمل طبی معائنہ کیا اور طبی امداد فراہم کی۔ اس دوران ان کا بلڈ پریشر، بخار اور آنکھوں کے ضروری ٹیسٹ کیے گئے۔
پمز اسپتال میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے قیام اور طبی معائنہ مکمل ہونے کے بعد بانی پی ٹی آئی کو رات 3 بج کر 25 منٹ پر واپس اڈیالہ جیل روانہ کر دیا گیا۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے کے لیے تشکیل دی گئی خصوصی میڈیکل ٹیم آج ان کی صحت سے متعلق تفصیلی رپورٹ بھی جاری کرے گی۔ واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کا اس سے قبل 8 نومبر کو بھی جیل میں طبی معائنہ کیا گیا تھا۔

