راولپنڈی میں رنیال کے قریب زیرِزمین سرنگ کھود کر کروڈ آئل چوری کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ملزمان نے پی او ایل کی مین سپلائی لائن کے قریب مکان کرائے پر لے رکھا تھا جہاں انہوں نے آئل چوری کیلئے زیرزمین 181 فٹ طویل پائپ بچھا رکھا تھا۔
پولیس نے موقع سے 3 ملزمان محمد ممتاز، شوکت اور محمد اکرام کو گرفتار کر کے مکان میں زیرزمین ٹینک سے 1431 لیٹر کروڈ آئل برآمد کر لیا۔
پولیس نے سینئر ایگزیکٹو ایڈمن پی او ایل شاہد احمد کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا جس کے مطابق مین لائن سے مجموعی طور پر 1100 بیرل کروڈ آئل چوری کیا گیا جس کی مجموعی مالیت 2 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
ملزمان نے ہائی پریشر سپلائی لائن پر کلیمپ کے ذریعے پائپ لگا رکھا تھا۔ مکان کا نگران شاہ محمد، ساجد، اختر، حفظ الرحمان اور زاہد بھی آئل چوری میں ملوث ہیں۔

