لنڈی کوتل(10 نومبر 2026): ضلع خیبر میں پُراسرار بیماری کے باعث ایک ہی خاندان کے 5 کمسن بچے جاں بحق اور 2 بے ہوش ہوگئے۔
ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل بازار کے قریب زہہ خیل میں ایک ماہ کے دوران ایک پراسرار بیماری کے باعث ایک ہی خاندان کے پانچ بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دو بچیاں اور تین بچے شامل ہیں۔
متاثرہ بچوں کو منہ اور ناک سے پانی بہنے کی شکایت پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کے مختلف طبی ٹیسٹ کروائے گئے جو تمام کے تمام نارمل آئے ہیں۔ اس پراسرار بیماری میں مبتلا مزید دو بچے اس وقت اسپتال میں زیرِ علاج ہیں جن کی طبی نگرانی کی جا رہی ہے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل نے اسپتال کا دورہ کیا اور وہاں زیرِ علاج بچوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کی صحت سے متعلق معلومات حاصل کیں۔
ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی خصوصی میڈیکل ٹیم اس پراسرار بیماری کی اصل وجوہات کا سراغ لگانے کے لیے جلد ہی متاثرہ گاؤں کا دورہ کرے گی تاکہ صورتحال کا تخمینہ لگایا جا سکے اور مزید بچاؤ کے اقدامات کیے جا سکیں۔

