• Home  
  • کراچی میں گھر کے باہر اہلیہ کے ساتھ باغیچے میں بیٹھے پولیس افسر جاوید ابڑو کی ٹارگٹ کلنگ
- پاکستان

کراچی میں گھر کے باہر اہلیہ کے ساتھ باغیچے میں بیٹھے پولیس افسر جاوید ابڑو کی ٹارگٹ کلنگ

کراچی : گھر کے باہر اہلیہ کے ساتھ باغیچے میں بیٹھے پولیس افسر جاوید ابڑو کو قتل کردیا گیا، مقتول کے بھائی کو بھی کچھ عرصہ قبل ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن حدید فیز ٹو میں سابق ایس ایچ او اسٹیل ٹاؤن انسپکٹر جاوید ابڑو کو فائرنگ […]

جاوید ابڑو

کراچی : گھر کے باہر اہلیہ کے ساتھ باغیچے میں بیٹھے پولیس افسر جاوید ابڑو کو قتل کردیا گیا، مقتول کے بھائی کو بھی کچھ عرصہ قبل ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن حدید فیز ٹو میں سابق ایس ایچ او اسٹیل ٹاؤن انسپکٹر جاوید ابڑو کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، فائرنگ کے نتیجے میں ان کی اہلیہ بھی شدید زخمی ہوگئیں۔

پولیس نے بتایا کہ جاوید ابڑو اپنی اہلیہ کے ہمراہ گھر کے باہر باغیچے میں بیٹھ کر چائے پی رہے تھے کہ موٹرسائیکل سوار مسلح ملزم نے ان پر فائرنگ کردی۔ انسپکٹر کو دو گولیاں لگیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں، جبکہ زخمی اہلیہ کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ملزم نے انسپکٹر پر سات گولیاں چلائیں، جن میں سے دو جان لیوا ثابت ہوئیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی کراچی پولیس چیف، ڈی آئی جی ایسٹ اور ایس ایس پی ملیر سمیت اعلیٰ پولیس افسران نے جناح اسپتال پہنچ کر تحقیقات کا جائزہ لیا۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق 2025ء میں جاوید ابڑو کے بھائی اے ایس آئی محمد خان ابڑو کو بھی عدالت سے واپسی پر گھر کے باہر ٹارگٹ کر کے شہید کیا گیا تھا، انسپکٹر جاوید ابڑو اپنے بھائی کے قتل کے مقدمے کے مدعی تھے اور انہیں کافی عرصے سے جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی تھیں، جبکہ اے ایس آئی کے قتل میں ملوث ملزم جعفر عرف بوبی پہلے ہی پولیس مقابلے میں مارا جا چکا ہے۔

کراچی پولیس چیف آزاد خان نے بتایا کہ پولیس اور سی ٹی ڈی کی ٹیمیں واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کر رہی ہیں، واقعے میں دو ملزمان ملوث تھے، جن میں سے ایک نے فائرنگ کی تاہم زخمی خاتون نے ملزم کا حلیہ بھی پولیس کو بتادیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش میں واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم قتل کے اصل محرکات اور نوعیت کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔

daily jehanuma  @2026. All Rights Reserved.