جامشورو: سندھ میں میڈیکل کے داخلوں کیلئے انٹرمیڈیٹ کے نمبروں میں ہیر پھیر کا بڑا اسکینڈل سامنے آیا، 43 امیدواروں کی مارک شیٹس جعلی نکلیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جامشورو میں سال 2026-27 کے ایم بی بی ایس داخلوں کے دوران مارک شیٹس میں ہیر پھیر اور نمبروں میں ردوبدل کا سنسنی خیز انکشاف ہوا۔
داخلہ انتظامیہ کی جانب سے جمع کرائی گئی مارک شیٹس کی تصدیق کے دوران حیدرآباد انٹر میڈیٹ بورڈ کے سرکاری گزٹ اور امیدواروں کے جمع شدہ نمبروں میں واضح تضاد پایا گیا ہے۔
داخلہ فارم کے ساتھ جمع کرائی گئی 43 مشکوک پری میڈیکل امیدواروں کی مارک شیٹس حیدرآباد تعلیمی بورڈ کو تصدیق کے لیے بھیجی گئی تھیں، جہاں بورڈ ریکارڈ اور گزٹ کے مقابلے میں ان کے نمبروں میں فرق پایا گیا۔
ڈائریکٹر ایڈمیشن پروفیسر ڈاکٹر پریسہ نواز کے مطابق عام شکایات اور عدالتی احکامات کی روشنی میں داخلے کے لیے آئیں تمام مارک شیٹس کی باقاعدہ جانچ پڑتال کا عمل شروع کیا گیا تھا۔
FOLLOW US ON ARY TUBE
کنٹرولر حیدرآباد بورڈ شکیل لغاری نے تصدیق کی ہے کہ 43 مارکس شیٹوں میں تضاد اور ہیر پھیر سے متعلق لُمز انتظامیہ کو باقاعدہ آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر ایڈمیشنز کے مطابق جعلسازی ثابت ہونے پر ان تمام 43 امیدواروں کے داخلے منسوخ کیے جا رہے ہیں جبکہ قانون کے مطابق ان پر 5 سال کے لیے تعلیمی پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے۔
