• Home  
  • نامور برانڈز کے کوکنگ آئل اور گھی استعمال کرنے والے ہوشیار ہوجائیں!
- Uncategorized

نامور برانڈز کے کوکنگ آئل اور گھی استعمال کرنے والے ہوشیار ہوجائیں!

کراچی: رہائشی مکان کے اندر قائم جعلی کوکنگ آئل اور گھی بنانے کا غیر قانونی کارخانہ پکڑا گیا ، جہاں نامور برانڈز کے نام سے جعلی کوکنگ آئل اور گھی تیار کئے جارہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی اور شاہراہِ نورجہاں پولیس نے خفیہ اطلاع پر شادمان ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے […]

کراچی: رہائشی مکان کے اندر قائم جعلی کوکنگ آئل اور گھی بنانے کا غیر قانونی کارخانہ پکڑا گیا ، جہاں نامور برانڈز کے نام سے جعلی کوکنگ آئل اور گھی تیار کئے جارہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی اور شاہراہِ نورجہاں پولیس نے خفیہ اطلاع پر شادمان ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک رہائشی مکان کے اندر قائم جعلی کوکنگ آئل اور گھی بنانے کا غیر قانونی کارخانہ پکڑ کر موقع پر سیل کر دیا۔

ترجمان سندھ فوڈ اتھارٹی اور پولیس حکام نے بتایا کارروائی کے وقت مکان بند تھا جسے کھول کر اندر موجود تمام غیر قانونی سامان تحویل میں لے لیا گیا۔

کارخانے سے ‘سویا سپریم’، ‘ڈالڈا’ اور ‘حبیب’ جیسے نامور برانڈز کے نام سے تیار کردہ جعلی کوکنگ آئل اور گھی کے ڈبے برآمد ہوئے ہیں۔

FOLLOW US ON ARY TUBE

ترجمان کا کہنا تھا کہ رہائشی مکان کے اندر تیل اور گھی کی بھرائی و پیکنگ کے لیے بھاری مشینیں نصب تھیں۔ موقع سے کھلا غیر معیاری تیل، خالی بوتلیں، کارٹن، برانڈڈ لیبل، سیلنگ مشینیں اور پیکیجنگ کا دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا۔

تحقیقات کے مطابق غیر معیاری کھلا تیل اور گھی مشہور برانڈز کی جعلی پیکنگ میں بھر کر شہر کی مختلف دکانوں پر سپلائی کیا جاتا تھا۔ کارخانے میں دن کے اوقات میں کام کیا جاتا تھا جبکہ رات کو اسے بند رکھا جاتا تھا۔

سندھ فوڈ اتھارٹی اور پولیس نے غیر قانونی کارخانے کو مکمل طور پر سیل کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ رہائشی علاقے میں یہ غیر قانونی کام کب سے جاری تھا، اسے کون چلا رہا تھا اور اس کے سپلائی نیٹ ورک میں کون کون شامل ہے، ان تمام حقائق کی نشاندہی کے لیے تفصیلی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

daily jehanuma  @2026. All Rights Reserved.