واشنگٹن(4 نومبر 2026): امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر ڈیموکریٹس کامیاب ہوئے تو وہ ٹیکس بڑھائیں گے اور معیشت تباہ کردیں گے۔
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریپبلکنز کی کامیابی کی صورت میں ہر بالغ امریکی شہری کو پانچ ہزار ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔ سوشل میڈیا ایپ ایکس پر جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ اگر ریپبلکنز نے کانگریس میں اکثریت حاصل کرلی تو ہر بالغ امریکی شہری کو یہ رقم دی جائے گی۔
تاہم صدر ٹرمپ نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ڈیموکریٹس کامیاب ہوئے تو وہ ٹیکسوں میں اضافہ کر دیں گے اور اس سے معیشت تباہ ہو جائے گی۔
دوسری جانب ریپبلکنز کے مضبوط گڑھ سمجھے جانے والے بعض حلقوں میں ڈیموکریٹ امیدواروں کی کامیابی کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی نتائج پر تازہ ردعمل بھی دیا ہے۔
نیویارک ٹائمز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے واضح کیا کہ وہ ان انتخابی نتائج کو “مکمل طور پر قبول کرنے کے لیے تیار ہیں” اور مخالف جماعت کے ساتھ کام کرنے پر بھی آمادہ ہیں۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم ان کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہوں گے اور ممکنہ طور پر ہم کسی نہ کسی اتفاقِ رائے تک پہنچ جائیں گے۔

