ماسکو(2 نومبر 2026): یوکرین اور روس میں ہنگامی اطلاعات فراہم کرنے والی سرکاری موبائل ایپلی کیشنز کو بڑے پیمانے پر سائبر حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
یوکرین اور روس میں ہنگامی اطلاعات فراہم کرنے والی سرکاری موبائل ایپلی کیشنز کو بڑے پیمانے پر سائبر حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے شہریوں کو سکیورٹی خطرات سے متعلق جھوٹی اور گمراہ کن اطلاعات موصول ہوئیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، اتوار کے روز یوکرین کی فضائیہ نے تصدیق کی کہ ملک کی ‘ایئر ریڈ الرٹ’ ایپ کو ہیک کر لیا گیا۔ اس سائبر حملے کے بعد دارالحکومت کیف سمیت مختلف علاقوں میں شہریوں کی سکرینز پر جوہری اور کیمیائی حملوں کے خطرات، سڑکوں پر جاری لڑائی اور میزائل حملوں سے متعلق جھوٹی اطلاعات دکھائی جانے لگیں۔
یوکرین کے حکام نے فوری طور پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو پرسکون رہنے کی ہدایت کی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ گھبرانے کے بجائے صرف مصدقہ اور سرکاری ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات پر ہی اعتماد کریں۔
دوسری جانب، روس میں بھی اس نوعیت کا ایک واقعہ پیش آیا جہاں روس کی وزارتِ ہنگامی حالات کی سرکاری موبائل ایپ کو بھی سائبر حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ روسی ایپ کے ذریعے بھی شہریوں کو مختلف خطرات کے بارے میں غلط معلومات اور انتباہات پھیلائے گئے۔
حکام کی جانب سے دونوں ممالک میں اس ڈیجیٹل سبوتاژ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ اس سکیورٹی خامی اور حملے کے ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔

