لاہور: حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کرنے کی پالیسی کو ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کی حکومتی پالیسی کے خلاف درخواست دائر کردی گئی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 9 سے 29 اکتوبر کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 مرتبہ ردوبدل کیا گیا، تاہم عوام کو قیمتوں کے تعین کا کوئی واضح فارمولا نہیں بتایا جارہا۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کا حوالہ دینا کافی نہیں، حکومت اصل اعدادوشمار اور قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار سامنے لائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین براہ راست عوامی معیشت سے جڑا معاملہ ہے، قیمتوں میں بار بار تبدیلی کا بوجھ عام شہری اور کم آمدنی والے طبقے کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ حکومت سے قیمتوں کے تعین کی منظوری اور متعلقہ ریکارڈ طلب کیا جائے۔

